باڈی بلڈنگ: بلال شوکت مسٹر لاہور‘ سلمان پرویز جونیئر مسٹر لاہور بن گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا مسٹر اینڈ جونیئر مسٹر لاہور کا سالانہ مقابلہ بلال شوکت اور سلمان پرویز جبکہ مینز فزیک کا ٹائٹل احد بخاری نے جیت لیا۔ لاہور کے مقامی تھیٹر ہال میں منعقد ہونے والے مقابلے میں لاہور بھر کے کلبز سے بڑی تعداد میں تن سازوں نے حصہ لیا۔ مقابلوں کے مہمان خصوصی اعجاز شاہد صدر لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن، مسٹر ایشیا محمد یحیٰ بٹ اور سیکرٹری پنجاب باڈی بلڈنگ نعیم اختر تھے جنہوں نے مسٹر لاہور بلال شوکت کو 125 سی سی موٹر سائیکل اور پچاس ہزار روپے جبکہ جونیئر مسٹر لاہور اور مینز فزیکل کا ٹائٹل جینے والے تن سازوں سلمان پرویز اور احد بخاری کو پچیس پچیس ہزار روپے نقد انعامات دیئے۔ اس موقع پر لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ایم اشفاق اور آرگنائزنگ سیکرٹری آصف گجر بھی موجود تھے۔