آسٹریلوی فاسٹ بائولر ہیزل ووڈپاکستان کیخلاف پہلے ون ڈے میچ سے باہر
سڈنی (سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا نے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کو پاکستان کیخلاف پہلے ایک روزہ میچ میں آرام دینے کا فیصلہ کرلیا ۔بھارت کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پیش نظر ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک کو ایک روزہ سیریز کے دوران آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن لیہمن نے کہا کہ جوش ہیزل ووڈ کو اب تک ہوم گراؤنڈ میں سخت سیزن گزارنا پڑا ہے۔گزشتہ دو ماہ کے دوران جنوبی افریقہ اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہیزل ووڈ نے 300 کے قریب اوورز کیے ہیں اسی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں میں بھی باولنگ کی۔ ہیزل ووڈ زخمی نہیں ہیں لیکن وہ برسبین میں ہونے والے پہلے میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں تازہ دم ہونے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا جائے اور وہ میلبورن میں دوسرے میچ سے قبل ٹیم میں دوبارہ شامل ہوں گے۔ اگر کوئی اور فاسٹ باؤلر زخمی ہوتا تو پھر ہیزل ووڈ گابا میں ہونے والے میچ میں شرکت کرتے۔