• news

جنید خان کی سنی گئی‘ دو سال بعد ون ڈے سکواڈ میں شامل‘ پاکستان اور آسٹریلیا الیون کا وارم اپ میچ آج ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے محمد عرفان کی جگہ جنید خان کو قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ایم عرفان اپنی والدہ کی وفات کی بنا پر وطن واپس آ گئے ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ٹیم مینجمنٹ اور کپتان اظہر علی کے ساتھ مشاورت کے بعد جنید خان کو قومی سکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دیدی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 13 جنوری سے شروع ہوگا۔ جنید خان کی 2015ءکے بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے 52 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں 27.52 کی اوسط سے 78 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ جنید خان نے ون ڈے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن میچ میں چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل منگل کو کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف ایلن بارڈر فیلڈ میں وارم اپ میچ کھیلے گی۔آسٹریلیا الیون زیادہ تر نوجوان پلیئرز پر مشتمل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن