گجرات ، چکوال، کندھ کوٹ: ٹریفک حادثات‘ ماں‘ بیٹی بیٹے سمیت 10 افراد جاں بحق
گجرات+ شاہکوٹ+ چکوال+ کندھ کوٹ (نامہ نگاران+ این این آئی) گجرات، چکوال اور کندھ کوٹ میں ٹریفک حادثات کے دوران ماں‘ بیٹی‘ بیٹے سمیت 10 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ گجرات میں گوندل فیکٹری کے بالمقابل بشیر ہوٹل کے مالک محمد آصف اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وزیرآباد موضع ٹھٹھہ فقیر اللہ کی طرف جا رہے تھے جبکہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور کانوں میں ہیڈ فون لگائے ٹریکٹر ٹرالی کو پیچھے کی طرف ریورس کر رہا تھا وہاں موجود لوگوں نے اشارے بھی کئے آوازیں بھی دیں جسے ڈرائیور سن نہ سکا اور مسلسل ریورس کرتا رہا جس کی بدولت موٹر سائیکل سوار محمد آصف اسکی اہلیہ‘` کمسن بیٹا اور بیٹی سمیت ٹائروں کے نیچے آگئے ماں‘ بیٹی‘ بیٹا موقع پر جاںبحق جبکہ محمد آصف ٹانگ ٹوٹنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔ علاوہ ازیں شاہکوٹ کے دو نوجوان چکوال کے قریب ٹریفک کے ایک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ نواحی دیہات ڈلہ جرمیاں اور نظام پورہ کے دو نوجوان مظہر عرف بگی اور اعجاز ٹرالے پر چکوال کے قریب جا رہے تھے راستے میں سیمنٹ سے لدے ایک تیز رفتار ٹرالر نے غفلت اور لاپرواہی سے ان کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ڈرائیور مظہر اور اسکا ساتھی اعجاز شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لئے واپس لایا جا رہا تھا کہ وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں کندھ کوٹ غوث پور کے قریب انڈس ہائی وے پر 2 مسافر بسوں میں تصادم سے 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر کندھ کوٹ حفیظ الرحمان نے بتایا کہ انڈس ہائی وے پر باراتیوں سے بھری بس پنجاب سے شکار پور اور دوسری مسافر بس کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ غوث پور کے قریب آپس میں ٹکرا گئیں۔