• news

نقشہ منظور کرائے بغیر ناجائز تعمیرات روکنے کی اپیل

مکرمی! لاہور بھر میں ٹھیکیدار حضرات زمین اراضی خرید کرتے اور محکمہ کے افسران بالا کو رشوت دے کر بغیر نقشہ جات کے گھر تعمیر کر کے دھڑا دھڑ فروخت کر کے ناقص میٹریل استعمال کرتے اور غریب عوام سے لاکھوں روپے بٹور رہے ہیں اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ مثال کے طور پر سوڈیوال‘ ابوبکر روڈ پر ناجائز پلازے اور بیسمنٹ بنائی جا رہی ہیں اور رجسٹری سے زیادہ جگہ سڑک کی بھی شامل کی جا رہی ہے پر آپ پرانے نقشہ جات دیکھ کر تصدیق کر سکتے ہیں کہ سڑک کتنی تھی۔ دو پلازوں کی بیسمنٹ کی کھدائی کی جا رہی ہے۔ جس کی اصل رجسٹری میں جگہ 15 مرلے ہے اس کے ساتھ سات مرلے PT-1 کی جگہ ملائی گئی ہے اور 22 مرلے جگہ کے چار ٹکڑے کر کے تقریباً 17 لاکھ روپے فی مرلہ فروخت کر دی گئی لیکن کیا اس فروخت کنندہ سے کسی نے پوچھا بھی ہے کہ اس نے 22 مرلے جگہ فروخت کر کے جو پونے چار کروڑ اکٹھا کیا ہے کیا یہ اس کا وائٹ منی ہے‘ اس نے ٹیکس ادا کیا ہے؟ PT-1 کی سات مرلے جگہ سڑک اور گلیوں کی جگہ ہے اس سے پیچھے پنچر والی دکان کے سامنے بھی بیسمنٹ اور پلازہ ناجائز اور بغیر نقشہ جات کے بنایا جا رہا ہے اور یہ سارے کام محکمہ کے افسران کی زیرنگرانی ہو رہے ہیں جس کے عوض بھاری رشوت لی گئی ہے اور حکومت کو بھاری اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ صرف یہی نہیں پورے لاہور میں ٹھیکیدار حضرات محکمہ کے افسران کے ساتھ مل کر حکومتی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں جس کا کوئی آڈٹ نہ تو محکمہ کے لوگ کرتے ہیں اور نہ افسران بالا اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس کا نوٹس لے کر اصلاح احوال کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ (ندیم بٹ‘ احسن فاروقی‘ عرفان احمد اور متعدد دیگر افراد)

ڈاک ایڈیٹر

ڈاک ایڈیٹر

ای پیپر-دی نیشن