گوادر بلوچستان کا ہے، اس سے متعلق فیصلے ہم خود کرینگے: ثناء اللہ زہری
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کی زیرصدارت بلوچستان کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسمبلی اور کابینہ سے مقدم کوئی فورم نہیں، گوادر بلوچستان کا ہے، گوادر سے متعلق فیصلے ہم خود کرینگے، ہمارا وژن ہے، سی پیک، گوادر بندرگاہ سے گوادر کی آبادی کا تناسب تبدیل نہ ہو جبکہ حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ صوبے میں 25799 خالی آسا میوں پر 90دن کے اندر بھرتی کا عمل پورا کیا جائے گا، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اہم سیا سی و سماجی پہلوئوں پر غور اور قوم پرست رہنمائوں کے خدشات کا جائزہ لیکر انہیں دور کرنے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے اپنی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے گوادر میں آنے والے آباد کاروں کو ووٹ کا حق نہیں دیا جائے، مردم شماری پر بہت سے لوگوں کے تحفظات ہیں جن کو دور کر نے کیلئے آئندہ ہفتے چیف کمشنر مردم شماری کوئٹہ آئیں گے،کوشش ہے کہ اس بار صوبے کا بجٹ لیپس نہ ہو۔ انہوں نے یہ بات منگل کوبلوچستان اسمبلی میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہد اری منصوبے کے معاشی و سما جی ثمرات اور اس سے صوبے میں ممکنہ طور پر آنے والی آبا دیا تی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری کی قیادت میں تمام پارلیمانی جما عتوں کے پارلیمانی لیڈران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تما م اسٹیک ہولڈرز سے انکے تحفظات معلوم کر کے انہیں دور کرنے کی کوشش کرے گی اور ساتھ ہی گوادر میں مقامی آبادی کو اقلیت میں تبدیل ہونے سے بچانے کے لئے موثر قانون سازی کی جائے گی جبکہ بلوچستان کے قوم پرستوں کے تحفظات کو دور کر نے کے لئے وفاق کی سطح پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ اجلاس میں صوبے میں موجود آسامیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ بلوچستان میں گزشتہ کئی سالوں سے 25799آسامیوں پر اب تک بھرتی نہیں کی گئی جنہیں جون میںبجٹ سے پہلے تک پر نہ کیا گیا تو یہ آسامیاں ضائع ہو جائیں گی۔ کابینہ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آسامیوں پر90 دن کے اندر بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا،گریڈ 1سے10تک کی آسامیاں محکموں کے سیکر ٹری کمیٹی تشکیل دے کر کریں گے۔ انہوں نے کہا صوبے میں مردم شماری پر بہت سے لوگوں کے تحفظات ہیں جن کو دور کر نے کیلئے آئیندہ ہفتے چیف کمشنر مردم شماری کوئٹہ آئیں گے اور وہ کابینہ سمیت ارکان اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ صباح نیوز کے مطابق بلوچستان حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری پر عملدرآمد کے دوران گوادر کی مقامی آبادی کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ہوا۔