گوادر بندرگاہ اور سی پیک زرداری کا ویژن ہے: بلاول
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ چین کو دینا سابق صدر آصف علی زرداری کا ویژن تھا، شہید بے نظیر بھٹو نے ملک سے غربت جہالت اور شدت پسندی کو ختم کرنا چاہا لیکن انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جیالے آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ کو شکست دینے اور چاروں صوبوں میں حکومت بنانے کیلئے تیاری کریں۔ سی پیک ملک کی ترقی میں نمایاں اہمیت اختیار کر رہا ہے، چین اور پاکستان کے تعلقات کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی اور پیپلزپارٹی کی گزشتہ حکومت کے صدر آصف علی زرداری نے گوادر بندرگاہ کو چین کے حوالے کرنے فیصلہ کیا اور پاکستان کو سی پیک جیسا منصوبہ میسر آیا، گوادر بندرگاہ اور سی پیک آصف علی زرداری کا ویژن ہے۔ ملک کے غریب مزدوروں اور کسانوں کو ان کی محنت کا پھل ملنے تک عوام خوشحال نہیں ہو سکتی، جیالے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو شکست دینے کیلئے دن رات محنت کریں، آئندہ پیپلزپارٹی ملک کے چاروں صوبوں میں انتخابات جیت کر حکومت بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب اور گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ آصف علی زرداری کا وژن تھا کہ گوادر چین کو دیا، اقتصادی راہداری انہی کا ہی شروع کردہ منصوبہ ہے، پیپلز پارٹی غریب عوام اور جدت پسندوں کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں انتخابات جیت کر شہید بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائے گی۔ روٹی کپڑا، مکان، تعلیم و صحت، تحفظ، امن ہمارا منشور ہے، محترمہ بینظیربھٹو شہید نے غریبوں کے بچوں کو سرکاری ملازمتیں دیں تو ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے، پیپلز پارٹی کا عوام سے اٹوٹ رشتہ ہے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو شکست دیکر پنجاب میں بھی جیالوں کی حکومت بنائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، نذر محمد گوندل، ثمینہ پگانوالہ ، غضنفر گل، آصف بھاگت، ذوالفقار گوندل، ملک ذکائ، ندیم اصغر کائرہ، تنویر اشرف کائرہ، ملک اعجاز اور دیگر پارٹی کے رہنما شامل تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ پنجاب سے انتخابات جیت کر وہاں کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں۔ عوام اس وقت خوشحال ہوں گے جب انہیں روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز ایرانی سفارتخانے گئے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ان کا استقبال کیا، بلال بھٹو نے ایرانی سفارتخانے میں سابق ایرانی صدر ہاشمی رفسنجانی کی وفات پرتعزیت کی۔