وزیراعظم آج نارووال میں صحت کارڈ کی تقسیم کا افتتاح کرینگے 16 جنوری کو سوئٹزرلینڈ جائینگے
نارووال/ اسلام آباد (نامہ نگار+ آئی این پی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آج نارووال کا دورہ کریں گے، اپنے دورہ کے دوران وہ پرائم منسٹر ہیلتھ پروگرام کے تحت مستحق افراد 84 ہزار میں صحت کارڈ کی تقسیم کا افتتاح کریں گے۔ ظفروال روڈ پر واقعہ نواب ٹاﺅن میں ان کی آمد کے سلسلہ میں تیاریاں جاری ہیں۔ ہیلی پیڈ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ صحت کارڈ کے حوالے معجز فاﺅنڈیشن نارووال ضلع کی تینوں تحصیلوں میں کاﺅنٹر لگا کر کارڈز کی تقسیم کرے گی۔ صحت کارڈ کے تحت ایک مستحق افراد اپنا اور اپنے خاندان کے افراد جن میں شادی شدہ بچے شامل نہیں ہوں گے کے علاج معالجہ کےلئے ایک سال میں 50ہزار سے 2.50لاکھ روپے تک کا علاج کروا سکے گا۔ وزیراعظم کی آمد پر سکیورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف 16جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے دورے پر جائیں گے۔ وزیراعظم سوئزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔ ا سکے علاوہ وزیراعظم اور چینی صدر شی چن پنگ کے درمیان ملاقات کا بھی قوی امکان ہے ۔ وزیراعظم نواز شریف 19 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن جائیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور اہلیہ 22 جنوری تک لندن میں قیام کریں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے ہندوﺅں کی مقدس اور تاریخی عبادتگاہ کٹاس راج مندر کا دورہ کرکے اسکی تزئین وآرائش اور مرمت کے کام کے منصوبے اور سہولیات کی فراہمی کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق، چکوال سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال، اقلیتی رکن قومی اسمبلی اسفن یار بھنڈارا اور ڈاکٹر درشن لعل، سکھوں کی بندھک کمیٹی کے سربراہ سردار تاراسنگھ اورکیتھولک عیسائیوں کے بشپ الیگزینڈر جان ملک بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو صدیق الفاروق اور اقلیتی رہنماﺅں نے کٹاس مندر کی تاریخ اور ہندو مذہب کیلئے اسکی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم/ افتتاح کرینگے