• news

بابر تھری میزائل کے تجربے نے بھارتی دفاعی ماہرین، میڈیا کی نیندیں اڑا دیں، بے بنیاد پراپیگنڈا شروع

لندن (آئی ا ین پی) پاکستان کے بابر 3میزائل کے کامیاب تجربے نے بھارت کی نیندیں اڑا دیں، آبدوز سے چھوڑے جانے والے جوہری کروز میزائل بابر تھری کے کامیاب تجربے پر بھارتی میڈیا اور عسکری ماہرین نے بے بنیاد پراپیگنڈا کرتے ہوئے اس پر شکوک وشہبات کا اظہار کیا ہے۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق بھارتی دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بظاہر تجربہ حقیقی نظر آتا ہے۔ بھارتی بحریہ کے ریٹائرڈ یوموڈور سی اور ادے بھاسکر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ وہ ایسے کسی معاملے میں فوٹوشاپنگ کرکے اس طرح کا دعویٰ کرے گا۔ بھارتی فوج کے سابق میجر جنرل افسر کریم نے کہا ہے کہ پاکستان بہت بار ایسے دعوے کر چکا ہے اس لیے اس کے اس دعوے کو براہ راست درست ٹھہرانا مشکل ہے۔ سچ کیا ہے یہ مکمل حقائق سامنے آنے پر ہی معلوم ہوگا۔ بہر حال ان کے مطابق ایک آزمائشی تجربہ کیا گیا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ کسی جھیل یا دریا سے کیا گیا ہے، آبدوز سے نہیں۔ بھارتی میڈیا کے بعض حلقوں میں یہ خبر شائع ہوئی کہ پاکستانی فوج نے ٹیسٹ کا جو ویڈیو جاری کیا وہ نقلی تھا۔ تاہم ادے بھاسکر کا کہنا ہے کہ جو یہ کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کے پاس ایسی صلاحیت ہے ہی نہیں، انہیں چائنا فیکٹر کو نہیں بھولنا چاہیے۔ ان کا خیال ہے کہ گذشتہ چار پانچ سالوں سے چین کی یہ کوشش ہے کہ وہ جنوبی چین کے سمندر اور ویسٹرن پیسفک میں امریکی بحریہ کو روکنے کی صلاحیت حاصل کرے۔ چین اگر بحر ہند میں اپنا اثر بڑھانا چاہتا ہے تو وہ اس میں پاکستان کا سہارا لینے کی کوشش کرے گا۔
بھارت/ پراپیگنڈا

ای پیپر-دی نیشن