کچھ سیاستدان بلاناغہ جھوٹ بولتے ہیں‘ منگل‘ بدھ کی بھی چھٹی نہیں کرتے: نوازشریف
نارووال/ سیالکوٹ/ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کچھ سیاستدان بلا ناغہ جھوٹ بولتے ہیں اور قوم کو گمراہ کرتے رہتے ہیں ،گوشت کا منگل اور بدھ کو ناغہ ہوتا ہے مگر یہ جھوٹ بولنے میں کسی بھی دن کا ناغہ نہیں کرتے، 2018 میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیںگے، جھوٹ بولنے والوں کو کہتا ہوں کہ ترقی کا سفر مت روکیں ملک کو آگے بڑھنے دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز خیابان نواب نارووال میں وزیر اعظم صحت پروگرام کے تحت صحت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کامیابی حاصل کر ے گی، ملک میں نئی صنعتیں لگ رہی ہیں جبکہ دہشتگردی کے جن کو بوتل میں بند کر دیا گیا ہے، پاکستانی معیشت کا شمار اس وقت دنیا کے بہترین ممالک میں ہو رہا ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر روز جھوٹ بولنے والوں کو اب عوام نے مسترد کر دیا اور عوام جان چکے ہیں کہ کون جھوٹ بول رہا ہے، اگر تم اس ملک کی ترقی میں ہاتھ نہیں بٹا سکتے تو راستہ بھی نہ روکو، کیونکہ اب عوام بھی آپ کے شوشوں سے تنگ آچکی ہے، ہم اکثر سیاسی مقاصد کیلئے آتے جاتے رہتے ہیں مگر آج ایک نیک مقصد کیلئے نارووال آکر خوشی ہو رہی ہے، پہلے کسی بیماری کے علاج کیلئے لوگوں کے گھر اور جائیدایں بک جاتی تھی مگر اب صحت کارڈ کے ذریعے غریب وی آئی پی طریقے سے ہر بیماری کا علاج کر وا سکے گا قومی صحت پروگرام کا اجراء ایک عظیم مقصد کیلئے کیا گیا ہے جس کے تحت غریب محنت کش کے دل کے آپریشن سے لیکر معمولی علاج بھی اب پرائیوٹ ہسپتالوں میں ممکن ہو سکے گا، نارووال ضلع میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ اس پروگرام کی مقررہ رقم سے علاج مکمل نہ ہو سکا تو اس کا علاج روکا نہیں جائے گا بلکہ بیت المال سے اسے رقم دے کر مریض کا علاج کروایا جائے گا، اس وقت پاکستان کی سٹاک مارکیٹ ایشیا کی بہترین مارکیٹ بن چکی ہے، وزیراعظم نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف، مریم نواز، سائرہ افضل تارڑ ودیگر کو مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک کنبے کی طرح ہے، سب کو سہولتیں ملنی چاہئیں۔ قومی صحت پروگرام میں اور بھی بہتری لائیں گے۔ سیالکوٹ سے لاہور تک موٹروے بننے والی ہے۔ نارووال سے لاہور کے مشرقی بائی پاس پر آپ 45 منٹ پر پہنچ جائیں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم نے کہا خلیج تعاون تنظیم کے آزاد تجارتی معاہدے میں حمایت پر اومان کے شکرگزار ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اومان کے بھائیوں کا خیرمقدم کریںگے۔ وزیراعظم سے اومان کی سٹیٹ کونسل کے صدر یحییٰ محفوظ سلیم نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاپاکستان اور اومان محل وقوع کی وجہ سے ایک دوسرے کے قریبی ساتھی ہیں۔ پاکستانی حکومت اور عوام اومان کے سلطان قابوس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم نے کہا جھوٹ کی سیاست پاکستان کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاست سیاسی جلسوں میں کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ کالا شاہ کاکو سے بدوملہی کو موٹروے سے منسلک کیا جائے گا اور بدوملہی سے نارووال تک کے علاقہ کو بھی موٹروے سے ملایا جائے گا جو نارووال کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شاہراتی نیٹ ورک کے مکمل ہونے سے اندرونی اور علاقائی روابط میں اضافہ ہوگا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے مختلف موٹر ویز اور سڑکوں کے منصوبوں پر عملدرآمد کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے این ایچ اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ سڑکوں کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے کہا ہے کہ تین برسوں کے دوران پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 4.84 سے زیادہ رہی ہے، کرغزستان اور پاکستان وسطی ایشیا علاقائی اقتصادی تعاون (کاریک)کے ارکان ہونے کے ناطے خطے میں ٹرانسپورٹ ، توانائی ، تجارتی پالیسی اور تخفیف غربت میں سہولت کے چار ترجیحی شعبوں میں اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔انہوںنے یہ بات جمہوریہ کرغزستان کے وزیر اقتصادیات جوشیوارزیبک اورزوبیکوچ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔