بھارت: چھٹیاں نہ ملنے پر سکیورٹی اہلکار نے 4 افسر قتل کردیئے
پٹنہ(صباح نیوز) بھارت میں چھٹیاں نہ ملنے پر سکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے 4 سینئر افسران ہلاک ہوگئے ہیں۔ بہار کے ضلع اورنگ آباد میں سکیورٹی کمپنی دی سینٹرل سکیورٹی فورس کے اہلکار نے اپنے سینئرز سے چھٹی کی درخواست کی لیکن چھٹی نہ ملنے پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 سینئر افسران موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک افسر کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگیا۔ اورنگ آباد پولیس چیف کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا اہلکار ذہنی مریض ہے جبکہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے پاس کسی قسم کا ہتھیار موجود نہیں تھا۔ واضح رہے بھارت کی سکیورٹی فورسز میں کم وسائل اور زیادہ کام کی وجہ سے اس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جبکہ 2014 میں بھی ایک اہلکار نے چھٹی کے معاملے پر 5 ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مارلی تھی۔