• news

مسلم لیگ (ن) کے اقتدار کی کشتی ڈوب رہی ہے، نواز شریف کا فرار ممکن نہیں: تحریک انصاف

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے+نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے جاری سماعت کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس بات پر اطمینا ن کا اظہار کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کے اقتدار کی کشتی میں پانامہ نے بڑا شگاف ڈالا ہے اور اب وزیر اعظم اور انکے وزراء جھوٹوں سے اپنی کشتی کے سوراخ بند کرنے کی سر توڑ ناکام کوشش کررہے ہیں۔ اجلاس میں یہ بات بھی زیر بحث رہی کہ قوم اب گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس قوم کے سوالوں کا جواب نہیں لیگی وکلاء زبانی جمع خرچ کے ذریعے عدالت کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہے ہیںوزیر اعظم کی خواہش ہے کہ جواب طلبی کی بجائے شک کا فائدہ دے کر انہیں بری کر دیا جائے ۔ شواہد کے بعد وزیر اعظم کیلئے فرار ممکن نہیںقوم صرف انصاف اور بے لاگ انصاف کی طلبگار ہے۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے اقتدار کی کشتی ڈوب رہی ہے وہ ایک بند کرتے ہیں تو دوسرا سوراخ ہوجاتا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے تو مسلم لیگ(ن) کی پوری ٹیم کہتی تھی کہ جس فورم پر چاہیں ہمارا ٹرائل کروالیں ہم تیار ہیں لیکن اب یہ لوگ بھاگ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ حکومت سے حقائق مانگ رہی ہے اور عدالت کو کہا جا رہا ہے کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ وزیراعظم کے وکیل چاہتے ہیں کہ عدالت اس کیس کی سماعت نہ کرے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ وہ خود کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں اور پاناما کیس کے معاملے میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے لیکن وہ اپنی دونوں باتوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ وزیراعظم دودھ اور پانی کو علیحدہ کرنا ہی نہیں چاہتے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر دودھ اور پانی الگ ہوا تو پاناما کی ساری حقیقت سامنے آ جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن