بلوچستان: صحافی قتل، پولیس ناکے پر فائرنگ، اہلکار سمیت 2 جاں بحق
کوئٹہ +چمن (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک صحافی کو قتل کر دیا گیا جبکہ پولیس ناکے پر فائرنگ سے اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ پنجگور، تربت اور ماشکیل میں 3 افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قلات میں ایک مقامی اخبار سے تعلق رکھنے والا صحافی محمد خان بازار سے گھر جارہا تھا کہ گھات لگائے نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا، علاوہ ازیں پاک ایران سرحدی علاقے ماشکیل سے ایک نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ نعش گلوگان سے برآمد ہوئی جس کوفائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔ ادھر پنجگور کے علاقے گوارگوہ سے بہرام نامی شخص کی نعش ملی جو 31 دسمبر کو لاپتہ ہوا تھا جبکہ تربت کے علاقے مند سے فیرل اظہر کی نعش برآمد کرلی گئی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق مقتول کئی دنوں سے لاپتہ تھا۔ نعشوں کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ادھر چمن میں طورپل ناکے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی، پولیس کے مطابق ملزموں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اورایک شہری زخمی بھی ہوئے جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حملہ آور فرار ہوگئے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے پٹوخ میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا پولیس کے مطابق مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر راکٹ بھی فائر کئے وقفے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔