• news

ترک اسمبلی نے 3 آئینی ترامیم کی منظوری دیدی‘ ارکان میں ہاتھا پائی‘ ایوان مچھلی منڈی بن گیا

انقرہ( آن لائن+صباح نیوز+آئی این پی) ترکی کی قومی اسمبلی نے ایک ہفتے تک شدید بحث کا موضوع بننے والی آئین کی تین ترامیم بالآخر منظور کرلیں، صدارتی انتخابات 4 کے بجائے 5 سال بعد جبکہ رکن پارلیمنٹ کی کم سے کم عمر 25 کے بجائے 18سال ہوجائے گی۔ آئینی ترامیم کی منظوری کے وقت ترکی کی اسمبلی مچھلی بازار کا منظر پیش کررہی تھی ، جبکہ حکومت اور حزب اختلاف کے اراکین کے درمیان ہاتھاپائی بھی ہوئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آئین میں ترامیم کی منظوری کے بعد نئے آئین کی منظوری کے لیے عوامی ریفرنڈم کی راہ بھی ہموار ہوگئی، اب رواں برس اپریل میں ریفرنڈم منعقد کیے جانے کی امید ہے۔ادارے کے مطابق منظور کی گئی آئین کی تیسری شق کے تحت کوئی بھی فوجی پارلیمنٹ کا رکن نہیں بن سکے گا،آئین میں ترامیم کی منظوری کے وقت حزب اختلاف کے ارکان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، مقامی ٹی وی پر دکھائے جانے والی تصاویر میں ارکان کو ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔حزب اختلاف کے ارکان نے آئینی ترامیم کو صدر رجب طیب اردگان کی خواہشات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان ترامیم سے وہ ملک کے اکیلے حکمران بننا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن