• news

سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان دنیا کا دوسرا بہترین ملک قرار دیا جارہا ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے دنیا کا دوسرا بہترین ملک قرار دیا جا رہا ہے، ملک کی اقتصادی صورتحال، امن وامان اور توانائی کی بہتر ہوتی صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مناسب ماحول پیدا ہوا ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوگل کی ڈائریکٹر این لیون سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کی اقتصادی کارکردگی کو ڈیجٹلائز کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال، امن وامان اور توانائی کی بہتر ہوتی صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مناسب ماحول پیدا ہوا ہے۔ این لیون نے گزشتہ تین سال میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی آئی ٹی کی ترقی اور ای کامرس میں بہتری سمیت سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور ادارے ”گوگل“ کی ڈائریکٹر مس این لیون نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ زبیر طفیل نے برآمد کنندگان کے لئے پیکیج کو حتمی شکل دینے کے لئے وزیر خزانہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ پیکیج سے خوش ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ برآمد کنندگان کو جو پیکیج دیا گیا ہے وہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج ہے۔
اسحاق ڈار

ای پیپر-دی نیشن