پاکستان اور اومان کا مشترکہ اقتصادی کونسل کو وزارتی سطح تک بڑھانے پر اتفاق تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور اومان نے مشترکہ اقتصادی کونسل کی سطح کو جلد وزارتی سطح تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ دوطرفہ تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو نئی جہتوں تک پہنچایا جا سکے۔ اومان کی ریاستی کونسل کے صدر ڈاکٹر یحییٰ محفوظ سالم المنتری نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جمعہ کو یہاں دفتر خارجہ میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سے ملاقات کی۔ سرتاج عزیز نے سلطان قابوس کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام میں اومان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار تعلقات موجود ہیں جنہیں مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اومان کے کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی کامیاب مہم کے نتیجے میں موجودہ بہتر سکیورٹی صورتحال سے پیداشدہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔