مشرف 9 فروری تک پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دینگے‘ عدالت: فول پروف سکیورٹی کی درخواست منظور
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججزنظر بندی کیس میں ملزم پرویز مشرف کی وطن واپسی پر فول پروف سیکیورٹی دینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیدیا، عدالت نے مشرف کو 9 فروری تک پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدم حاضری کی صورت میں ملزم کو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے کی، ملزم کے کونسل نے عدالت میں درخواست دی کہ انکے موکل وطن واپس آنا چاہتے ہیں، سکیورٹی انتظامات مکمل کئے جائیں، سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے موقف اپنایا کہ دو سال قبل بھی ملزم نے سیکورٹی کیلئے درخواست دی تھی جس پر وزارت داخلہ کا جواب آیا تھا کہ سیکورٹی دینے کیلئے تیار ہیں، دو سال سے سیکورٹی کی ملزم کو یقین دہانی کے باوجود وہ عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد مذکورہ حکم جاری کر دیا، عامر ندیم تابش نے نوائے وقت سے گفتگو میں کہا کہ مذکورہ کیس میں ملزم کی مستقل استثنیٰ کی درخواست مستر ہونے کے باوجود اسے پچا س سے زائد مرتبہ ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا گیا ہے جسکی نظیر عدالتی تاریخ میں نہیں ملتی، گزشتہ تاریخ پر ملزم کیخلاف اشتہار جاری ہوا تھا، اگر ایک ماہ کے اندر ملزم عدالت میں پیش ہو جاتا ہے تو اشتہار منسوخ ہوجائے گا بصورت دیگر ملزم پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔