سعید الزماں صدیقی کراچی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
کراچی (اے پی پی+صباح نیوز) سابق گورنرسندھ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گذری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ قبل ازیں ان کی نمازہ جنازہ جمعہ کو گورنر ہائوس کے احاطے میں ادا کردی گئی۔ نمازہ جنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی۔ پاک بحریہ کے دستے نے مرحوم گورنرکو سلامی پیش کی اور سرکاری اعزاز میں جسد خاکی کو تدفین کے لئے قبرستان لے جایا گیا۔ نمازہ جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قائم مقام گورنر آغاسراج درانی، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ، سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، کورکمانڈر کراچی شاہد بیگ مرزا، ڈی جی رینجرز میجرجنرل محمد سعید، پاکستان ائرفورس، پاک بحریہ اور سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت میئر کراچی وسیم اختر، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد وہرا، مسلم لیگ( ن) کے سینٹر نہال ہاشمی، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، سلیم ضیائ، ہمایوں محمد خان، علی اکبر گجر، سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزرا منظور حسین وسان، ناصر شاہ، سعید غنی، حافظ نعیم الرحمن، متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، سینیٹر عبدالحسیب خان، قاری عثمان، معین حیدر، پاکستان تحریک انصاف کے عارف علوی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد عزیز واقارب اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر موجود سیاسی اور سماجی شخصیات نے مرحوم گورنر کے صاحبزادے عدنان صدیقی سے اظہار تعزیت کی۔ سعیدالزماں صدیقی 11جنوری کو طویل علالت کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔ اے پی پی کے مطابق سعید الزماں صدیقی کی تدفین کے بعد ان کی قبر پر صدر ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف، چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، گورنر خیبر پی کے ظفر اقبال جھگڑا اور دیگر کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔