• news

تعلیم کو فروغ دیکر مذہب کیلئے دہشت گردی کااستعمال روکا جاسکتا ہے: صدرممنون

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + این این آئی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ میدان جنگ میں انتہا پسندی کی شکست کے بعد اب اس کی فکری شکست ضروری ہے جس کیلئے خصوصی اقدامات نا گزیر ہیں۔ تعلیم کوفروغ دے کر دہشت گردی کے لیے مذہب کے استعمال کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے ایک ایسا نظام تعلیم مرتب کیا جائے جو معاشرے میں طبقاتی تقسیم کا خاتمہ کرے اور معاشرے کی تہذیب و ترقی میں ٹھوس کردار ادا کرنے کیلئے نوجوانوں کی عصری علوم و فنون میں مہارت کا ذریعہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے روزگار کے مواقع ملیں گے جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان جدید علوم و فنون میں مہارت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف بے پناہ قربانیا ں دی ہیں اور اس پر قابو پایا ہے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے دوست ممالک پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ صدر نے دوست ممالک سے آئے ہوئے سینئر افسروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنے ملک اورپاکستان کے درمیان نیا رشتہ استوار کریں۔

ای پیپر-دی نیشن