• news

روسی ہیکنگ،90روز میں رپورٹ جاری کرینگے‘ خفیہ اداروں نے الزامات میڈیا کو دئیے: ٹرمپ

نیو یارک (بی بی سی+آئی این پی) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے وہ 90 دن کے اندراندر امریکی انتخاب کے دوران روس پر ہیکنگ کرنے کے الزامات سے متعلق ایک رپورٹ جاری کریں گے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں انہوں نے ہیکنگ کے دعوؤں کو قابل نفرت سیاسی کارندوں کی جانب سے بنائے جانے والے حقائق کہا۔ یاد رہے امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ہیکنگ کے ذریعے مداخلت کی تھی۔یہ بھی دعوے کئے جا رہے ہیں کہ ماسکو نے مسٹر ٹرمپ کے لیے متنازع اطلاعات دیں۔ خیال رہے نومنتخب صدر کی حیثیت سے بدھ کو کی جانے والی اپنی پہلی پریس کانفرنس میں مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ نے انہیں کہا ہے کہ ان خبروں کی تردید کریں۔ روسی انٹیلی جنس کے پاس ان کے بارے میں قابل اعتراض مواد موجود ہے۔ دریںاثنا بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیر دفاع اور سی آئی اے کے سربراہ نے سینیٹ میں اپنی نامزدگی کے حوالے سے ہونے والی سماعت کے دوران روس کے بارے میں سخت موقف اختیار کیا ہے۔ نامزد وزیر دفاع جنرل جیمز میٹس نے خبردار کیا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد نیٹو کو پہلی بار روس سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ سی آئی اے کے سربراہ کے طور پر نامزد مائیک پمپیو نے کہا کہ روس یورپی ممالک کیلئے خطرات پیدا کر رہا ہے اور وہ یوکرائن میں اپنی جارحانہ پالیسوں کا اظہار کر رہا ہے۔ نامزد وزیر دفاع اور سی آئی کے سربراہ کے روس کے بارے میں خیالات نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خیالات سے مطابقت نہیں رکھتے جس کا اظہار وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران کرتے رہے ہیں اور گزشتہ روز بطور صدر اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بھی اپنے خیالات کا برملا اظہار کیا تھا۔ نومنتخب امریکی صدر کا موقف ہے کہ ان کے دورِ صدارت میں روس امریکہ کی زیادہ عزت کریگا اور اگر روسی صدر پوٹن انہیں پسند کرتے ہیں تو یہ امریکہ کیلئے ایک اثاثہ ہے۔نامزد وزیردفاع دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا خطرہ روس‘ دہشت گرد گروپوں‘ چین کی جنوبی سمندر پر پالیسیوں کو دے رہے ہیں۔ سی آئی اے کے ممکنہ سربراہ نے دہشت گردوںکو سب سے بڑا، شمالی کوریا کو دوسرا اور روس کو تیسرا بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ دریں اثنا ٹرمپ نے کہا انکے کابینہ کے نامزد ارکان اچھا کام کررہے ہیں اور میں چاہتا ہوں وہ خیالات کا اظہار میری نہیں اپنی مرضی سے کریں۔ انہوں نے الزام لگایا امریکی خفیہ اداروں نے جانتے ہوئے کہ شواہد نہیں فون پر لگائے گئے الزامات میڈیا کو لیک کئے ۔

ای پیپر-دی نیشن