• news

لاہور ہائیکورٹ کا پاکستان ٹریڈ مشن میں 9 افسروں کی بھرتیوں کیخلاف حکم امتناعی

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان ٹریڈ مشن میں 9 افسروں کی بھرتیاں روکتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی ۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ وزارت تجارت نے ٹریڈ مشن کیلئے 9 افسروں کی بھرتیوں کا اشتہار دیاجس میں سول سرونٹس اور پرائیویٹ افراد سے درخواستیں مانگی گئی ہیں۔اشتہار حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ50 فیصد کوٹہ ٹریڈ اینڈ کامرس گروپ کے افسروں کو دیا جائیگا ۔پرائیویٹ افراد کو ٹریڈ مشن کیلئے بھرتی نہیں کیا جا سکتا ۔اس لئے اشتہار غیرقانونی قرار دیا جائے۔ دوسری طرف سرکاری وکیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرتیوں سے متعلق جواب جمع کرا یا ۔جس میں کہا گیا ہے کہ 50 فیصد بھرتیاں پرائیویٹ سیکٹر سے کی جارہی ہیں جس پرعدالت نے کہا کہ وزارت تجارت امیدواروں کی درخواستوں پراسس جاری رکھے۔تاہم اشتہار پر بھرتی نہیں کی جائیگی۔ مزید کارروئی 15 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن