کشمیر عالمی مسئلہ ہے، ایاز صادق: حل کیلئے دولت مشترکہ ممالک سے مدد مانگ لی
لندن+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹ) پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دولت مشترکہ کے ممالک سے مدد مانگ لی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے برطانیہ میں دولت مشترکہ کے ممالک کی سپیکر کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں سے مسئلے کے حل میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔ دنیا کو درپیش یہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں کشمیر علاقائی نہیں عالمی مسئلہ ہے۔ دنیا فوراً کردار ادا کرے۔ مظلوم کشمیری اپنے مستقبل کے تعین کا حق مانگ رہے ہیں کشمیریوں کو حق دلانا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے نہتے کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت نوشتہ دیوار پڑھنے کو تیار نہیں۔ دولت مشترکہ کی پارلیمانی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اکبر خان سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا ہے کہ بین الاقوامی پارلیمانی برادری کو پاکستان کے پارلیمانی اداروں سے زیادہ رابطے استوار کرنا چاہئیں، تاکہ پاکستان میں بھی پارلیمانی ادارے مضبوط ہوں۔