اعصام الحق نے اسرائیلی ‘امریکی جوڑی کو ہراکر کلاسک ٹینس ٹورنا منٹ جیت لیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی نے اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔اعصام الحق نے آکلینڈ میں پولش ساتھی مارسن میٹکووسکی کے ساتھ حصہ لیا اور فائنل میں مقابلہ اسرائیلی و امریکی جوڑی جوناتھن ایرلچ اور سکاٹ لپسکی کےساتھ تھا۔اعصام اور مارسن نے مقابلہ 6-1، 2-6 (3-10) سے اپنے نام کیا۔اعصام الحق نے یہ کامیابی اپنے ملک، خاندان اور دوستوں نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طویل عرصے بعد حاصل ہوئی ہے، گزشتہ سیزن میرے لیے انتہائی سخت ثابت ہوا، میں چند ٹورنامنٹس کے فائنل تک تو پہنچا لیکن ٹائٹل حاصل نہیں کرسکا تھا۔یہ 2017 کا شاندار آغاز ہے۔ خوشی ہے کہ مارسن نے میرے ساتھ جوڑی بنانے پر آمادگی ظاہر کی۔گزشتہ سیزن میں میں نے جتنی محنت کی اس صلہ مجھے مل گیا، میں نے رواں ہفتے کافی اچھا کھیل پیش کیا اور مجھے خوشی ہے کہ سال کے آغاز میں ہی مجھے ایک ٹائٹل مل گیا۔میں اپنی اس کامیابی کو اپنی فیملی، اپنے ملک اور مداحوں کے نام کرتا ہوں جو مجھ پر یقین رکھتے ہیں۔نگاہیں آسٹریلین اوپن پر مرکوز ہیں، میں پر اعتماد ہوں کہ آئندہ بھی اپنے ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کروں گا۔