• news

بھارتی فوج میں”افسر جوتے پالش، گاڑیاں صاف کراتے ہیں “ بھارتی فوجی بیوی سمیت بھوک ہڑتال پر بیٹھ گیا

لکھنو (نیوز ڈیسک) بھارتی فوج میں افسروں کے ہاتھوں سپاہیوں کے استحصال کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔14 راجپوتانہ رائفلز کے لانس نائیک یوگ پرتاب سنگھ نے جو آج کل اترپردیش کے شہر فتح گڑھ میں تعینات ہے، نے اپنے افسروں کی زیادتیوں اور حقارت آمیز رویے سے تنگ آکر بھوک ہڑتال کر دی، یوگ پرتاب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس کی بیوی نے گھر میں 3 روز سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے ریچا سنگھ نے بھارتی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اس کے شوہر کو اس کے فوجی سینئر حکام نے اردلی کے کام پر لگا رکھا ہے اپنے گھر پر صفائی کراتے، کاریں دھلواتے اور اپنے کتوں تک کی خدمت کروانے کے علاوہ جوتے پالش تک کرواتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا میرے شوہر فوج میں وطن کیلئے لڑنے کے جذبے سے آئے ہیں یا افسروں کی خدمت کرنے کے جذبے سے۔ ریچا کے مطابق اس کے شوہر نے زیادتیوں کے خلاف آرمی چیف ، وزیر دفاع کو خطوط لکھے تو بریگیڈکمانڈر نے ان کے شوہر کو تشدد کا نشانہ بنایا دوسری طرف فیس بک پر ویڈیوز کے ذریعے بھارتی نیم فوجی دستے بی ایس ایف کو فراہم کئے جانے والے ناقص کھانوں، جلے ہوئے پراٹھوں کا بھانڈہ پھوڑنے والا بھارتی فوج تیج بہادر یادیو لاپتہ ہو گیا سوشل میڈیا پر بھارتی فوج کو ذلیل کرنے پر تیج بہادر کا بی ایس ایف ہیڈ کورٹرز پونچھ تبادلہ کر دیا گیا تھا جہاں وہ پلمبری کر رہا تھا، تیج بہادر کی بیوی نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا شوہر پچھلے منگل کو پونچھ تبادلہ ہونے کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے اس کے ساتھ تب سے فون پر کوئی بات ہوئی نہ رابطہ ہو پا رہا ہے شیلا یادیو کے مطابق اس کے شوہر تیج بہادر کو سچ سامنے لانے پر بھارتی فوج اور بی ایس ایف کے حکام جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں جوانوں کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر میری توبہ ہے اپنے بچے کو بھارتی فورسز میں نہیں بھجواﺅں گی۔ ادھر فوجیوں کی دھڑا دھڑ ویڈیوز سامنے آنے پر پریشان بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے کہا کہ سوشل میڈیا استعمال کر کے پریشانی بتانے والے اہلکاروں کو سزا ملے گی، بھارتی فوجی اہلکار اپنی شکایات قانون کے مطابق کریں۔ اگر قانون کے مطابق اہلکاروں کی شکایات کا ازالہ نہیں ہوتا تو براہ راست ان سے رابطہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن