امریکہ : نامعلوم افراد نے مسجد کو آگ لگا دی‘ عمارت کو شدید نقصان‘ مسلم کمیونٹی کا اظہار تشویش
واشنگٹن (آئی این پی+نیٹ نیوز) امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے علاقے بیلری میں نامعلوم افراد نے مسجد کو آگ لگا دی جس کے باعث عمارت کو بُری طرح نقصان پہنچا اور اس کا نصف سے زائد حصہ شہید ہو گیا، واقعے پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے مسجد کو آگ لگائی گئی جس کے بعد مسجد میں جاری سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔ پولیس حکام نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔ بیلری میں ہونے والے اس واقعے پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید درعمل ظاہر کیا گیا ہے۔ سی این این کے مطابق پولیس کا کہنا ہے مسجد میں آگ جان بوجھ کر لگائی گئی، کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلعاتسامنے نہیں آئیں۔ یہ حادثاتی طور پر آگ لگنے کا واقعہ نہیں۔ پولیس چیف نے بتایا ایک 37 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا نام آئزک وائن ولسن ہے۔ یہ مشتبہ شخص مسجد کے پچھلے حصے میں پڑا ہوا ملا تھا۔ اسے فی الحال سیاٹل کے کنگ کاﺅنٹی کریکشنل سینٹر میں قید رکھا ہے۔ اس کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق فی الحال اسے نفرت پر مبنی اقدام تصور نہیں کیا جا رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو ایک بار پہلے بھی مسجد میں بدنظمی پھیلانے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔واشنگٹن میں کونسل برائے امریکن اسلامک ریلیشنز نے اپنے فیس بک پیج پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خود سے کوئی نتیجہ اخذ نہ کریں اور حکام کو تحقیقات مکمل کرنے کا وقت دیں۔ گروپ کا کہنا ہے کہ حکام نے صورتحال کو پوری طرح سنبھال رکھا ہے اور لوگوں سے اپیل کررہے ہیں کہ اگر ان کے پاس اس واقعے کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ 911 پر رابطہ کریں۔
امریکہ/ مسجد