• news

مولانا سلیم اللہ خان کراچی میں انتقال کر گئے فضل الرحمن، شجاعت اوردیگر کی تعزیت

کراچی (نیوز رپورٹر) اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ ممتاز عالم دین شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان مختصر علالت کے بعد اتوار کی شب کراچی میں انتقال کرگئے۔ مرحوم گزشتہ کئی برسوں سے علیل تھے۔ مولانا سلیم اللہ خان کی نماز جنازہ آج صبح آٹھ بجے جامع فاروقیہ میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کا شمار پاکستان کے سب سے بڑے عالم کے طور پر ہوتا تھا اور وہ شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی کے شاگرد خاص تھے جبکہ کئی دہائیوں سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ بھی تھے۔ مولانا سلیم اللہ خان کے شاگردوں میں مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی، شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سمیت دنیا بھر میں ہزاروں شاگرد، کروڑوں متعلقین ہےں۔ مولانا سلیم اللہ خان کے صاحبزادے مولانا عادل خان اور مولانا عبید اللہ خالد کا شمار بھی پاکستان کے جید علماءمیں ہوتا ہے۔ دریں اثناءجمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، مولانا سمیع الحق، قاری محمد حنیف جالندھری، علامہ محمد احمد لدھیانوی، مولانا اورنگزیب فاروقی، مفتی منیب الرحمن، مفتی محمد نعیم، مفتی ابوہریرہ محی الدین، علامہ راشد خالد محمود سومرو، مولانا اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، حافظ نعیم الرحمن، حسین محنتی اور دیگر نے مولانا سلیم اللہ خان کے انتقال کو امت کے لئے سانحہ قرار دیتے ہوئے ان کی ملک وملت کے لئے دینی وملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایسی ہستی سے محروم ہوگیا ہے جس کا خلا پورا صدیوں میں بھی پورا نہیں ہو سکتا۔ مولانا سلیم اللہ خان نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی تبلیغ، ترویج اور امت کی اصلاح کیلئے صرف کی اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کے ہر کونے میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ان کے شاگرد دین تبلیغ میں مصروف عمل ہیں۔ علاوہ ازیں (ق) لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے مولانا سلیم اللہ خان کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے بڑے محسن تھے ۔

سلیم اللہ خان/ انتقال

ای پیپر-دی نیشن