• news

خانقاہ ڈوگراں میں ڈکیتی کے دوران چھینی گئی کار 12 روز بعد سب انسپکٹر اور ہیڈکانسٹیبل سے برآمد، گرفتار کر لیا گیا

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) شیخوپورہ کے علاقہ خانقاہ ڈوگراں میں ڈکیتی کے دوران چھینی گئی کار 12روز بعد تھانہ فیکٹری ایریا کے سب انسپکٹر نوید سکندر اور ہیڈ کانسٹیبل محبوب سے برآمد ہو گئی جنہوں نے گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ بھی لگائی ہوئی تھی ڈی پی او شیخوپورہ نے انکوائری کے بعد مذکورہ سب انسپکٹر اور اس کے ساتھی کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے اور عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ شیخوپورہ سے ایک ٹیکسی کرائے پر خانقاہ ڈوگراں کے لیے بک کی گئی جب ڈرائیور کار لیکر خانقاہ ڈوگراں پہنچا تو وہاں پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوئوں نے ڈرائیور کاشف سے گاڑی چھین لی اور اسے باندھ کر کھیتوں میں پھینک گئے جس کو مقامی لوگوں نے تھانے پہنچایا چند دن بعد ہی پولیس ملازمین مذکورہ گاڑی لیکر ایک میڈیکل سٹور پر پہنچے جہاں ڈرائیور کے ایک ساتھی نے گاڑی پہچان لی اور اس کی تصویریں اتار کر پولیس کو فراہم کردی پولیس نے میڈیکل سٹور سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تو پتہ چلا کہ گاڑی ہیڈ کانسٹیبل محبوب لے کر آیا تھا جو آج کل تھانہ فیکٹری ایریا میں تعینات تھا جب خانقاہ ڈوگراں پولیس نے تھانہ فیکٹری ایریا میں چھاپہ مارا تو وہاں سے مذکورہ گاڑی برآمد ہوئی اور پتہ چلا کہ یہ گاڑی سب انسپکٹر نوید سکندر کے زیر استعمال ہے۔ تاہم گرفتار ہونے والے سب انسپکٹر نے ڈی پی او کے سامنے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ گاڑی انہیں خانپور نہر کے کنارے کھڑی ملی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن