ایران گیس لائن میں امریکی پابندیاں بڑی رکاوٹ ہیں: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد(انٹرویو ۔۔قاضی بلال)وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے گیس کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بارہ لاکھ سے زائد لوگوں کو نئے کنکشن دیئے ہیں جو ماضی میں کسی نے اتنی بڑی تعداد میں نہیں دیئے ہیں ۔ چار روپے میں گیس خرید کر لوگوں کو سوا روپے میں دے رہے ہیں ۔ مہنگی گیس خریدنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں ۔ پاک ایران گیس پائپ لائن میں امریکی پابندیاں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ پنجاب میں گیس کی طلب ساٹھ فیصد ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام کو سچ بتانا چاہئے کہ گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں جبکہ اس کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے پنجاب میں ساٹھ فیصد گیس کی طلب ہے لوگوں کو فیصلہ کر لینا چاہئے کہ وہ سی این جی لینا چاہتے ہیں یا پھر روٹی کھانا چاہتے ہیں ۔ سردیوں میں گیس کا زیادہ استعمال ہو جاتا ہے اور اس کی فراہمی بھی کم ہوجاتی ہے یہی وجہ سے مجبوراً سی این جی سٹیشنز بند کرنا پڑے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی طورپر ہم گراوٹ کا شکارہیں کمپریسر لگاکر گیس حاصل کرنا انتہائی خطرناک ہونے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے ہمیں خود اس پر قابو پانا ہوگا پولیس یا ضلعی انتظامیہ کتنے گھروں پر چھاپے مارے گی اور کس کس کو گرفتارکریگی کسی کی حق تلفی کرنا بھی درست نہیں ہے ۔