بلاول لاہور پہنچ گئے: پرسوں ان کی نگرانی میں فیصل آباد تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی: کائرہ
لاہور(خبرنگار) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز دبئی سے لاہور پہنچ گئے۔ لاہور پہنچ کر بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ لاہور تا فیصل آباد ریلی میں بھرپور شرکت کریں، میں بھی پنجاب کے شہر شہر جائوں گا جبکہ پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پرسوں 19 جنوری کو لاہور سے فیصل آباد تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ لاہور آنے کا مقصد 19جنوری کی لاہور، فیصل آباد ریلی کی تیاریوں اور تجاویز کو حتمی شکل دینا ہے۔ اپنی آمد کے فوری بعد بلاول بھٹو نے پارٹی کی صوبائی اور مرکزی قیادت سے ریلی کے روٹ اور دیگر امور پر مشاورت کی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی آج بلاول ہائوس لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ ملاقات میں بلاول کے دورہ جنوبی پنجاب اور ملتان جلسے اور ریلیوں کو حتمی شکل دی جائیگی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو آج بلاول ہائوس میں پارٹی کے دیگر رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ علاوہ ازیں قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کو 4 مطالبات پیش کرکے 27 دسمبر تک ڈیڈلائن دی تھی‘ لیکن عمل نہ ہوا جس کے باعث احتجاج کا اعلان کیا گیا۔ وہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی پنجاب آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ قمرالزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ لاہور شہر ریلی میں شرکت کرے گا اور فیصل آباد روٹ پر اپنے قائد کا استقبال کریں گے۔ ابھی بلاول بھٹو کی قیادت میں تحریک کا اعلان ہونا باقی ہے یہ تو نقطہ آغاز ہے۔ کھاد پر سبسڈی ختم کرنے پر پیپلزپارٹی احتجاج کرتی ہے تو سنتے نہیں اور اپنے وزیراعلیٰ بھائی کے کہنے پر سبسڈی کو بحال کرنا افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نے اے پی سی میں نیشنل ایکشن پلان کیلئے کمیٹی کا کہا تھا‘ لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ بلاول بھٹو کی ریلی کے روٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صبح 10 بجے موٹروے سے جاتے ہوئے آغاز کریں گے۔ فیض پور انٹرچینج سے شیخوپورہ کوٹ عبدالمالک روڈ سے فیصل آباد جائیں گے۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کی لاہور سے فیصل آباد ریلی کے آغاز میں صرف 48 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں مگر تاحال ریلی کی تیاریاں دیکھنے میں نہیں آرہیں۔ پیپلزپارٹی کی یہ ریلی پنجاب میں پیپلزپارٹی کے دوبارہ احیاء کے سفر کا آغاز ہوگا مگر پنجاب میں تنظیم سازی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کارکن لاہور، فیصل آباد ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔ تحریک چل پڑی مقصد حاصل کئے بغیر نہیں رکے گی۔ حکمرانوں کو احتساب سے بھاگنے نہیں دیں گے، پنجاب کے شہر شہر جائوں گا۔