• news

پاکستانی ٹیم تیسرا ون ڈے جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے: سابق ٹیسٹ کرکٹرز

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شکست دے سکتی ہے۔ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، ٹیم مینجمنٹ کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ آسٹریلیا کی ٹیم کم بیک کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی دوسرے ایک روزہ میں کامیابی کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے جس کا ٹیم مینجمنٹ کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم پرتھ میں بھی آسٹریلیا کے خلاف سپن باولنگ کے ساتھ اٹیک کرے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ میں محمد حفیظ نے بہت اچھی کپتانی کی۔ جنید خان اور عماد وسیم کی وجہ سے پاکستان کی باڈی لینگوئج بہت بہتر ہوئی ہے جبکہ یہ وہ آسٹریلیا کی ٹیم نہیں جسے ہرایا نہیں جا سکتا، اس لئے یہ سیریز جیتنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ پاکستان کی مودجودہ بیٹنگ لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سوچ ہونی چاہئے کہ جو بلے باز فارم میں ہے وہ میچ ختم کرے کیونکہ بعد میں آنے والے بلے باز کیساتھ کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ تیسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم گھبرائے مت اور میلبورن کی طرح پرتھ میں بھی سپن باولرز کے ذریعے اٹیک کرے۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ پرتھ میں جیتنا آسان نہیں ہوگا تمام کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ آسٹریلیا کی ٹیم شکست کے بعد کم بیک کرنے کی بھرپور کوشش کرئے گی لہذا پاکستان ٹیم کو جارحانہ انداز کے ساتھ انہیں قابو کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن