دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود پاکستان نے کشمیریوں سے ہرممکن تعاون کیا: حریت قیادت
لاہور (خصوصی نامہ نگار)آل پارٹیز حریت کانفرنس جموں کشمیر فریڈم پارٹی، دختران ملت، جموں کشمیر مسلم لیگ، مسلم دینی محاذ اور دیگر کشمیری جماعتوں کے قائدین نے جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کی جانب سے 2017ء کو کشمیر کا سال قرار دے کرآزاد ی کشمیر کیلئے ملک گیر تحریک مزید تیز اور منظم کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود مظلوم کشمیری قوم سے ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ حافظ محمد سعید کا کراچی سے پشاور تک جلسوں اور کانفرنسوں کا اعلان قابل تحسین ہے۔ پوری کشمیری قوم اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پاکستان صرف برصغیر ہی نہیں پوری دنیا کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ مظلوم کشمیریوں کی مدد ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے کہاکہ ہمیں اپنا سارا وقت مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر وقف کرنا چاہیے۔ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے۔ آزاد کشمیر بھی ہماری طرح غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا نہیں۔ اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آزادی کی تحریک چلانے کی جتنی بھی ضرورت ہے ہر سطح پر اسے پورا کیا جانا چاہیے۔ 47ء سے لیکر آج تک 6لاکھ کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اس کے بعد بھی بھارت ٹس سے مس نہیں ہوا۔ مسئلہ کے حل کی طرف توجہ دینے کی بجائے اس نے کشمیر پر غاصبانہ تسلط جما رکھا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے کہاکہ پاکستانی وہ قوم ہیں جنہوں نے 69برسوں میں مظلوم کشمیری عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ اگرچہ پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے تاہم اس کے باوجود اس نے کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کو مضبوط کرنے کی خاطر عوامی رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے تمام طریقے استعمال کرنے چاہئیں۔ مسلم دینی محاذ کے سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم فکتو نے کہاکہ پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کیلئے جو قربانیاں پیش کر رہی ہے ہم انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کی قربانیوں کو ان شاء اللہ ضائع نہیں کرے گا۔ مسلم لیگ جموں کشمیر کے مرکزی رہنما فیروز احمد خان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے بعد پاکستان جموں کشمیر کے مسلمانوں کی آرزؤں، اْمیدوں اور جذبات و احساسات کی ترجمانی کا مرکز ہے۔