• news

پاکستان 1650، ایران سے 8 ہزار غیرقانونی افغان مہاجرین بے دخل کئے گئے : اقوام متحدہ

نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ نے کہاہے کہ رواں سال کے ابتدائی چند ایام کے دوران ایران نے اپنے ہاں عارضی طور پر مقیم 8 ہزار افغان پناہ گزینوں کو ملک سے بے دخل کردیا ۔ عرب ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں افغان پناہ گزینوں کی موجودہ حالات میں ملک بدری باعث تشویش ہے کیونکہ واپس اپنے ملک میں جانے والے پناہ گزینوں کے پاس اقتصادی اورمعاشی وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھی اپنے ہاں قیام پذیر غیرقانونی افغان پناہ گزینوں کی بے دخلی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ پاکستان کی جانب سے رواں سال کے ابتدائی چند ایام میں 1650 افغان مہاجرین کو بے دخل کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت پڑوسی ملکوں کی طرف سے بیدخل کئے گئے اپنے باشندوں کی آباد کاری کے لیے عملی طور پرتیار نہیں۔ اس لیے ان پناہ گزینوں کے واپس افغانستان پہنچنے پرانہیں بدترین معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔خیال رہے کہ افغانستان میں گذشتہ کئی عشروں سے جاری خانہ جنگی کے دوران بڑی تعداد میں افغان پناہ گزین ایران اور پاکستان میں پناہ لینے پرمجبور ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن