کرغیزستان: شدید دھند میں لینڈنگ کی کوشش، ترک مال بردار طیارہ آبادی پر گر کر تباہ،37 افراد ہلاک
اسلام آباد+بشکیک (سٹاف رپورٹر+آن لائن+ رائٹرز) ترک ائرلائن کا کارگو طیارہ کرغستان کے مانس ائرپورٹ کے نزدیک آبادی پر گر کر تباہ ہونے سے 7 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ترک ائرلائن کا بوئنگ 747 شدید دھند میں لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے ائرپورٹ کے نزدیک واقع ایک گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوا۔کرغستان کے حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر گاؤں کے رہائشی تھے۔ ائرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہانگ کانگ سے استنبول آنے والے ترک طیارے نے کرغستان کے دارالحکومت بشکیک کے نزدیک واقع مانس ائرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا تاہم کرغستان کے مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 31 منٹ پر حد نگاہ شدید کم ہونے کی وجہ سے طیارہ لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے آباد پر گرکر تباہ ہوگیا۔ وزارتِ ہنگامی امور میں کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے سربراہ محمد سوارو کا کہنا تھا کہ گرنے والے طیارے نے گاؤں کی 15 عمارتوں کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہوئے۔کرغستان کی وزارتِ صحت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے طیارے کے پائلٹ سمیت 15 افراد کی نعشیں ملبے سے نکال لیں۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق پائلٹ کی غلطی تھی۔ کرغیز صدر چین کا دورہ منسوخ کر کے وطن آگئے۔ ایک یوم سوگ منایا جائیگا