افغان وزیر خارجہ کی بھارتی سفیر سے ملاقات، سٹرٹیجک پارٹنرشپ کا اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ
کابل (اے پی پی) بھارت افغانستان مشترکہ سٹرٹیجک پارٹنرشپ کا دوسرا اجلاس عنقریب ہوگا۔یہ بات افغانستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ بیان کے مطابق اس ضمن میں گزشتہ روزافغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اورافغانستان میں بھارت کے سفیر من پریت ووہرا کے مابین ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بھارتی سفیر نے افغانستان میں دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا۔بیان کے مطابق ملاقات میں بھارت،افغانستان اورایران کے خارجہ سیکرٹریز کے تیسرے اجلاس سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا اورفیصلہ کیا گیا کہ یہ اجلاس آئندہ ماہ منعقد ہوگا۔اس کے علاوہ امریکہ،بھارت،ایران اورافغانستان کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔