پنجاب میں اعلیٰ افسروں کو کروڑوں روپے کی مراعات دینے کیلئے کام شروع
لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں اعلی افسران کو کروڑوں روپے کی مراعات دینے کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔ ممبر پی اینڈ ڈی کی دونئی اسامیاں منظور کی گئی ہیں جن کی تنخواہیں لاکھوں روپے کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ فنانس ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، پی اینڈ ڈی اور دیگر کور ڈیپارٹمنٹ کیلئے مستقبل میں لاکھوں روپے الائونس دینے کا ہوم ورک تیار کر لیا گیا ہے جس کو چند روز میں وزیراعلی پنجاب کو منظوری کیلئے بھجوا دیا جائیگا جبکہ افسران اور محکموں کے سربراہوں لاکھوں روپے جو مراعات لیتے ہیں جن میں سرکاری گاڑی، سرکاری گھر اور دیگر مراعات شامل ہیں ان کا ذکر نہیں کہ اس وقت پوری مراعات کے ساتھ ایک افسر حکومت کتنے پیسے میں پڑتا ہے جبکہ ممبر پی اینڈ ڈی کی جو دو نئی آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں ان کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے علاوہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پی ایم ایس کے افسران کو بھی لگایا جا سکتا ہے۔ جو دو نئی آسامیاں پیدا کی جارہی ہیں ان میں ممبر ماحولیات، ممبر واٹر کی آسامیاں شامل ہیں۔ اس سے قبل بھی پی اینڈ ڈی نے ممبر انرجی اور ممبر ہیلتھ کی دو نئی آسامیاں پیدا کی تھیں۔ جو دو نئی آسامیاں ممبر کی پیدا کی جارہی ہیں ان کو گریڈ 20 کی پوسٹیں ہونگی جبکہ گریڈ 20 کی اسامی پر بھرتی پنجاب پبلک سروس کمشن کی جاتی ہے جس کے لئے ان اسامیوں پر بھرتی کے لئے چیرمین پی اینڈ ڈی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جارہی ہے جس میں سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری سروسز کے علاوہ سیکرٹری پی اینڈ دی بھی اس کمیٹی کے ممبر ہونگے جبکہ ان کو پوسٹوں پر بھرتی کرنے والے افراد کی ذاتی تعلیم ان پوسٹوں پر بھرتی کے لئے موجود نہیں ہے تاہم وہ ٹیکنکل پوسٹوں پر بھرتی کریں گے جو پرائیوٹ سیکٹر یا ڈی ایم جی یا صوبائی سروس کے افسر کا انتخاب اس پوسٹ کے لئے کریں گے تنخواہ کے ساتھ 1 لاکھ 50 ہزار کا اضافی الاونس دیا جائے گا۔جبکہ دیگر پی اینڈ ڈی ممبران کو اس وقت یہ الاونس نہیں دیا جارہا ہے ۔اس حوالے سے محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن ، اور محکمہ خزانہ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کو کور ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے لئے مارکیٹ بیس سیلری کے لئے تجاویز دی جارہی ہیں ان محکموں کے افسران کو بھی تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار ماہانہ الاونس دیا جائے گا۔ تاہم پی اینڈ ڈی کے دیگر ممبران کے لئے بھی یہی الاونس دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح ممبر واٹر کی آسامی کے لئے بھی یو این کا سہارا لیا گیا ہے۔ تاہم ان کی بھرتی کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے لئے جو شرائط رکھی گئی ہیں ان کے مطابق دونوں پوسٹوں پر پی ایچ ڈی ہونا ضروری ہے اور متلقہ فیلڈ میں اس کا تجربہ کم از کم پندرہ سال کا ہونا چاہیے تاہم ان پوسٹوں پر ڈی ایم جی اور پی ایم ایس اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کا کوئی افسر بھی لگایا جاسکتا ہے اس کیلئے تجربہ کی کوئی حد نہیں رکھی گئی ہے اس کو وہاں پر پوسٹ کیا جا سکتا ہے۔