شیخوپورہ: سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 4 دہشت گرد ہلاک‘ لاہور: کومبنگ آپریشن‘ 34 مشتبہ گرفتار
شیخوپورہ + لاہور + پشاور (نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) شیخوپورہ میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں فیصل آباد روڈ بائی پاس منڈی مویشیاں کے قریب 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3 فرار ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فیصل آباد روڈ بائی پاس منڈی مویشیاں کے قریب دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جس پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے 3 کلو بارودی سامان‘ 2 کلاشنکوفیں‘ پسٹل‘ گولیاں اور موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت رضوان عرف آصف چھوٹو‘ ڈاکٹر شاکر اور نورالامین کے نام سے کر لی گئی۔ دہشت گردوں کے سر کی قیمت 10 سے 30 لاکھ روپے تک مقرر تھی۔ آصف چھوٹو 300 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث تھا جبکہ ڈاکٹر شاکر نے پنجاب اور خیبر پی کے میں 50 سے زائد قتل کئے۔ نورالامین پولیس انسپکٹر راجہ ثقلین سمیت 20 افراد کے قتل میں ملوث تھا۔ اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ اور آصف چھوٹو کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے تھی جبکہ پشاور میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرکے 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے لاہور میں کومبنگ آپریشنز کے دوران 34 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پوش علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ سرچ آپریشنز کے دوران کوائف نامکمل ہونے پر 34 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ سینکڑوں افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ جن علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے گئے‘ ان میں جوہر ٹائون‘ دربار بی بی پاک دامن کے اردگرد کا علاقہ‘ شاہدرہ‘ ڈیفنس اور رائے ونڈ کے علاقے کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔ ادھر پشاور کے علاقہ دادزئی میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے۔ فائرنگ سے محفوظ رہے۔