• news

مشرف کی اہلیہ، بیٹی نے جائیداد اکاؤنٹس ضبط کرنے کا حکم چیلنج کر دیا

اسلام آباد( صباح نیوز)غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی اہلیہ اور بیٹی نے جائیداد، اکاونٹس ضبط کرنے کا حکم چیلنج کر دیا۔ مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف اور بیٹی عائلہ رضا نے خصوصی عدالت میں اعتراضات دائر کر دیئے ہیں۔ درخواست میں پرویز مشرف کا پینشن اکاؤنٹ ضبط کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے اکاونٹس اور جائیداد ضبطی کے احکامات واپس لئے جائیں۔ اسلام آباد فارم ہاؤس، ڈی ایچ اے اسلام آباد اور کراچی کا پلاٹ پرویز مشرف اہلیہ، دوسرا پلاٹ بیٹی عائلہ رضا کو گفٹ کر چکے ہیں۔ درخواست میں بیگم صہبا نے کہا ہے کہ میری روزی روٹی بھی خاوند کے پینشن اکاؤنٹ سے وابستہ ہے، بچوں کی قانونی وراثت کے تعین کے بغیر جائیداد ضبط نہیں کی جا سکتی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف علاج معالجہ کے لئے بیرون ملک گئے، مفرور قرار نہ دیا جائے، علاج کے بعد پرویز مشرف وطن واپس آئیں گے۔ لہذا ان کے خلاف تمام کارروائی واپس لی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن