پاکستان کی ٹیسٹ میں پانچویں پوزیشن بھی خطرے میں پڑگئی
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) ایک روزہ رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بھی تنزلی کا شکار ہے اور اب اس کی پانچویں درجہ بندی بھی خطرے ہیں جہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر پانچویں نمبر پر آ سکتی ہے۔پاکستان اس وقت 97 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اور 96 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر پاکستان کو مزید ایک درجہ نیچے دھکیل دے گی۔ادھر بلے بازوں کی رینکنگ میں ہاشم آملا 134 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد چار درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔اظہر علی ساتویں اور یونس خان آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کو آٹھ درجہ ترقی کا انعام ملا جس کے بعد وہ 23ویں نمبر پر آگئے جبکہ کیوی اوپنر ٹام لیتھم پانچ چھلانگیں لگا کر 31ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔سٹیون سمتھ بدستور پہلے، ویرات کوہلی دوسرے اور جو روٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔باؤلرز کی بات کی جائے تو 2014 کا انڈر19 ورلڈ کپ جیتنے والی جنوبی افریقہ ٹیم کے رکن نوجوان کگیسو ربادا کو عمدہ کارکردگی کا انعام کیریئر کی بہترین پانچویں پوزیشن کی شکل میں ملا ہے اور انہوں نے چھٹے نمبر پر موجود ڈیل سٹین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔روی چندرہ ایشون عالمی نمبر ایک باؤلر ہیں جبکہ رویندرا جدیجا دوسرے اور جوش ہیزل وڈ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان کا کوئی بائولر ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہے ۔ ناقص کارکردگی کی وجہ سے یاسر شاہ 17ویں اور وہاب ریاض 20ویں پوزیشن پرچلے گئے ہیں۔