انگلش فیڈریشن کا ڈرامے باز فٹبالرز کیخلاف قانون سازی پر غور
لندن (سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن ان کھلاڑیوں پر پابندی لگانے پر غور کررہی ہے جو مخالف کھلاڑی کی ٹکر کے بغیر بلاوجہ ڈائیو لگاتے ہیں یا انجری کا بہانہ کرتے ہیں۔ ایف اے کے حکام اسی سلسلے میں سکاٹ لینڈ کا دورہ کریں گے جہاں پر یہ قانون پہلے سے نافذالعمل ہے۔انگلینڈ میں اس وقت صرف پرتشدد واقعات پر کھلاڑیوں پر پابندی کا قانون موجود ہے۔ ایف اے کو نئے قانون کے اطلاق سے قبل انگلینڈ کی تمام فٹ بال ایسوسی ایشنز کی جانب سے معاہدے کی ضرورت ہوگی۔انگلش فٹ بال کلب برنلے کے سربراہ سین ڈائچے کا مانناہے کہ موقع پر پابندی لگانے سے فٹ بال میں جھوٹی ڈائیونگ کا خاتمہ 'چھ ماہ میں' ہوجائے گا۔خیال رہے کہ سین ڈائچے کا ایک بیان لیگ میں حال ہی میں پیش آنے والے دو واقعات کے بعد آیا ہے۔رابرٹ سنیڈگراس نے کرسٹل پیلس کے خلاف ہل کے لیے بغیر کسی کے چھونے کے گر کر پنالٹی حاصل کرنے پر معذرت کی تھی جبکہ ڈیلے ایلی نے سپاٹ-کک حاصل کی تھی اور اس میچ میں سوانسی کے خلاف ٹوٹنہم کو 0-5 سے فتح حاصل ہوئی تھی۔سکاٹ لینڈ میں رواں سیزن کے آغاز میں ہیرٹ کے جمی والکر کو اسکاٹش پریمیئرلیگ کے ایک میچ میں سیلٹک کے خلاف جھوٹی ڈائیو لگا کر پنالٹی حاصل کرنے پر دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔