مصباح الحق، ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز کی ٹیم کے کپتان مقرر
لاہور(نمائندہ سپورٹس + سپورٹس رپورٹر)پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز کی ٹیم ہانگ کانگ آئس لینڈ یونائیٹڈسے معاہدہ کرلیا جہاں وہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لیونین گلوبل سپورٹس کی مالک اور پاکستان سپر لیگ کی چمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی سربراہ آمنہ نقوی نے مصباح الحق کی ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی لیگ میں شرکت کا اعلان کیا۔مصباح الحق اگلے ماہ ہونے والے ایونٹ پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے جس کے اختتام کے فوری بعد وہ ایچ کے آئی کی قیادت کرنے ہانگ کانگ پہنچ جائیں گے۔ہانگ کانگ ٹی ٹونٹی بلٹز میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں جس کے دوسرے سیزن کا آغاز 8 مارچ کو ہوگا اور 12 مارچ تک جاری رہے گا۔ 2016 کے سیزن میں آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے شرکت کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی، سری لنکا کے کمارسنگاکارا اور ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی بھی معاہدوں پر دستخط کرچکے ہیں۔