تحقیقات کے دوران مارکیٹنگ کمپنیوں نے قومی خزانے میں ایک ارب 47 کروڑ جمع کرائے: حکام ایف آئی اے
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی ہدایت پر پٹرولیم لیوی کے معاملے کی تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ تحقیقات کے دوران مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قومی خزانے میں ایک ارب 47 کروڑ روپے جمع کرائے جا چکے ہیں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اب تک ایک ارب 47 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جا چکے ہیں ایف آئی اے کی تحقیقات کے نتیجے میں رقم مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے لاہور کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے سرکار کو واجب الادا ایک ایک پیسے کا حساب لینا ضروری ہے۔