پتوکی: 15 سالہ لڑکے نے ہمسائے کی اڑھائی سالہ بچی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی‘ زخمی حالت میں لاہور ریفر‘ ملزم گرفتار‘ وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی
قصور+ لاہور (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) پتوکی کے علاقہ طاہر کالونی میں اڑھائی سالہ بچی پر پٹرول ڈال کر آگ لگانے والا ملزم دو گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق طاہر کالونی کے رہائشی عابد علی کی اڑھائی سالہ معصوم بچی نبیحہ گلی میں کھیل رہی تھی کہ 15 سالہ ملزم کاشف جوکہ عابد کا ہمسایہ بھی ہے نے بچی پر پٹرول پھینک دیا اور اس کو آگ لگانے کی کوشش کی جس سے اڑھائی سالہ نبیحہ کے جسم کا کچھ حصہ جھلس گیا۔ نبیحہ کو زخمی حالت میں لاہور چلڈرن ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزم اپنے اہل خانہ سمیت گھر سے فرار ہو گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہ ہے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے دو گھنٹے بعد ملزم کاشف کو گرفتار کر لیا جس سے تفتیش جاری ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اڑھائی سالہ بچی کو جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ بچی کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔