• news

20 فیصد حج کوٹہ بحالی کاعندیہ مل گیا، مزید کوشش کریں گے: سردار یوسف

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) 20 فیصد حج کوٹہ کی بحالی کا عندیہ مل چکا ہے، مزید حج کوٹہ کے حصول کی کوشش کریں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے سعودی عرب دورہ کے موقع پر ایک بیان میں کہی۔ وفاقی وزیرِ مذہبی امور گذشتہ دنوں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمرہ حج 2017ء سے متعلق معاہدوں کی توثیق کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچے ہیں۔ سعودی عرب میں قیام کے دوران سردار یوسف دفتر امورِ حجاج پاکستان، مکہ مکرمہ جائیں گے جہاں پاکستانی وفد کو آئندہ حج انتظامات سے متعلق ڈی جی حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی بریفنگ دیں گے۔ بعدازاں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اپنے وفد کے ہمرہ مکہ مکرمہ میں سعودی وزیر حج سے ملاقات کے علاوہ مکاتب، رہائش اور ٹرانسپورٹ سے متعلق سعودی محکموں ’’مؤسسہ سائوتھ ایشیا‘‘، ’’مکتب الوکلائ‘‘ اور ’’نقابہ سیارات‘‘ کے ساتھ اہم معاہدات پر دستخط کریں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا مدینہ منورہ میں بہتر رہائشوں کے حصول کیلئے مدینہ منورہ کے سعودی محکمہ ’’مؤسسہ ادلّہ‘‘ کے چیئرمین کے ساتھ بھی اہم اجلاس متوقع ہے۔ وفد کے دیگر ارکان میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور خالد مسعود چودھری، جوائنٹ سیکرٹری حج طاہر احسان، وزارت کے آئی ٹی ایکسپرٹ عبدالحکیم خٹک اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عمران بشیر خان بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن