آزادکشمیر کابینہ کا اجلاس، کئی قراردادیں منظور، وزیراعظم نوازشریف کو خراج تحسین
مظفرآباد (آئی این پی) آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت وزیر اعظم سیکرٹریٹ میںہوا۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے متعدد قراردادیں پیش کیں جنہیںکابینہ نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قراردادوں میںکہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے دورہ مظفر آباد کے دوران کشمیر کونسل کے بجٹ اجلاس کی صدارت کرنے، پارلیمانی پارٹی اور ترقیاتی جائزہ اجلاس کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر کے لیے بے مثال ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس یہ سمجھتا ہے کہ محمد نواز شریف کی جانب سے سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبوں میں خطہ کشمیر کی شمولیت جن میں میگا پراجیکٹس خاص طور پرمظفرآباد، میرپور شامل ہیں ایک ایسے ویژنری اقدام ہیں جن سے یہ علاقہ اس تجارتی کوریڈور کا حصہ بن جائے گا۔ قرارداد میں مزیدکہا گیا کہ اجلاس وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی جانب سے پارلیمینٹ کے زیر اہتمام دورروزہ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے افتتاح کا خیر مقدم کرتا ہے ،بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے توسط سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں خاصی مدد ملی۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس بھارت کی جانب سے وادی میں ہندو آباد کاری کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی میں تبدیلی کی کوششوں کی شدید مذمت کرتا ہے ،ایسی کوششیں نہ تو کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کر سکتی ہیں اور نہ اس طرح کے اقدامات سے بھارت کشمیریو ں کے حق خود ارادیت کو دبا سکتا ہے ،اجلاس امریکہ اور روس سمیت عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے متنازعہ علاقے میں ہندووں کی آباد کاری کے ذریعے ڈیمو گرافی میں تبدیلی کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خود ارادیت دینے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔قرارداد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق ، شبیر شاہ، آغا حسن بڈگامی، یاسین ملک سمیت کئی دوسرے افراد کی نظربندیوں اور سرینگر میں بھارت کی جانب سے مسلسل کرفیو لگا کر کشمیریوں کے سیاسی و مذہبی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کی گئی، اجلاس عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیری قائدین کی رہائی کے لیے بھارت پر دباو ڈالے، اجلاس یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے ۔ اجلاس فریدہ بہن جی اور محترمہ آسیہ اندرابی کے خلاف بھارتی فوج کے پرتشدد اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بے گناہ لوگوں کی شہادتوں اور پرتشدد اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔