وسیم اختر کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے پر صوبائی وزارت داخلہ کی خاموشی
کراچی (این این آئی)کراچی پولیس کی جانب سے شہر کے میئر کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز پر سندھ وزارت داخلہ نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی ایسٹ زون کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے حال ہی میں محکمے کے سینئر حکام کو ایک خط تحریر کیا تھا جس میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ کراچی کے میئر وسیم اختر کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 11 ای ای کے تحت فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل کردیا جائے۔ حکام نے بتایا کہ ان سے پولیس نے رابطہ کیا ہے لیکن اب تک اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے اور نہ ہی حکومت کا اس حوالے سے کوئی ارادہ ہے۔صوبائی وزارت داخلہ کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ تجاویز حال ہی میں ملی ہیں، لیکن حکومت کا پولیس کی بھیجی گئیں تجاویز کے مطابق کارروائی کا ارادہ نہیں۔وسیم اختر نے کہا کہ نہ تو میں کوئی دہشت گرد ہوں اور نہ ہی میرا کسی دہشت گرد یا عسکریت پسند تنظیم سے تعلق ہے، کراچی کے ڈھائی کروڑ عوام کے منتخب کیے گئے میئر کے خلاف اس قسم کی تجاویز کیوں پیش کی گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ'مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات کے باوجود عدالت نے مجھے ضمانت پر رہا کیا ہے۔میں دہشت گرد نہیں ہوں، میں دوبارہ کہتا ہوں، میں ملک کے سب سے بڑے شہر کی نمائندگی کرتا ہوں ٗیہ ایک ظالمانہ مذاق ہے۔