پنجاب اور پوٹھوار میں 6 روز سے بند سی این جی سٹیشن کھولنے کا مطالبہ
لاہور(نیوزرپورٹر)آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب اور پوٹھوار میں گزشتہ چھ روز سے بند سی این جی سٹیشنز فوری کھولے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور پوٹھوہار کے سی این جی سٹیشنز لوکل گیس پر نہیں بلکہ امپورٹڈ ایل این جی پر کام کرتے ہیں اور مخصوص گیس استعمال کرتے ہیں ان کی بندش کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایڈوانس پیمنٹ کر کے ایل این جی خریدتے ہیں اس کے باوجود ہمیں گیس نہیں دی جارہی۔ہمیں ایل این جی کا کیا فائدہ اگر ہم نے پھر بھی بند رہنا ہے۔ جبکہ دوسرے سیکٹرز کو کم قیمت پر سستے نرخوں پر گیس مسلسل فراہم کی جا رہی ہے جو کو سی این جی کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امپورٹڈ گیس کے صارف ہیںاس لئے ہم گیس سپلائی ترجیحی لسٹ میں نہیں آتے لیکن اس کے باوجود اگر حکومت کو گیس شارٹیج کا سامنا ہے اور گھریلو سیکٹر کیلئے گیس کی شدید ضرورت ہے تو تمام سیکٹرز سے مساوی بنیادوں پر کوٹے کے مطابق گیس لے کر پوری کی جاسکتی ہے لیکن محض ایک سیکٹر کو بند کردینا زیادتی ہے۔