پن بجلی گورننس پالیسی سیکٹرز میں پاکستان سے معاہدے عالمی بنک اے آئی آئی بی تربیلا توسیع منصوبے میں تعاون کرینگے
اسلام آباد+ بیجنگ (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان، عالمی بنک اور اے آئی آئی بی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، عالمی بینک اور اے آئی آئی بی تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے میں تعاون کریں گے۔ بدھ کو پاکستان، عالمی بنک اور اے آئی آئی بی کے درمیان معاہدے پر عالمی بنک، اے آئی آئی بی اور فنانس ڈویژن کے نمائندوں نے دستخط کئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے، عالمی بنک 390 ملین ڈالر اور اے آئی آئی بی 300ملین ڈالر فراہم کریگا۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ عالمی بنک اور اے آئی آئی بی مختلف منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ اس موقع پر نمائندہ اے آئی آئی بی نے کہا کہ منصوبے میں شرکت پر خوشی ہے، منصوبے سے توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی۔ اس موقع پر نمائندہ عالمی بینک نے کہاکہ توانائی بحران پر قابو پانے کا منصوبہ خوش آئند ہے، پاکستان میںمنصوبوں میں شفافیت کے عمل کو سراہتے ہیں۔ عالمی بنک کے ساتھ پن بجلی، گورننس اور پالیسی سیکٹرز پر معاہدوں میں ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بنک بھی شامل ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایک معاہدے کے تحت 69 کروڑ ڈالر کی لاگت سے تربیلا پانچ منصوبہ مکمل کیا جائیگا۔ منصوبے سے تربیلا ڈیم سے پن بجلی پیداوار میں 470 میگاواٹ اضافہ ہوگا۔ گورننس، پالیسی پروگرام کے تحت بلوچستان کو ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت فاٹا میں بھی گورننس کی بہتری کیلئے کام کیا جائیگا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی تعمیر پاکستان سمیت ترقی پزیر ممالک میں سماجی ومعاشی پیش رفت کا سبب بن رہی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے پریس بریفنگ میں اے آئی آئی بی کے پہلے کی کارکردگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین کو بینک کی جانب سے اپنے پہلے ہی سال میں زبردست اور مثبت پیش رفت حاصل کرنے پر انتہائی خوشی ہے۔ بینک کی انتظامیہ اور استعدادکار بہترین رہی ہے۔ پاکستان سمیت57 ممالک بینک کے فعال رکن ہیں جبکہ مزید 30 کی جانب سے بنک کا رکن بننے کیلئے درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں۔ بنک نے عالمی برادری کی توجہ بھی مختصر وقت میں کامیابی کیساتھ حاصل کی ہے۔