غلط فہمیاں دور ہوچکیں، ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کیساتھ بہتر تعلقات چاہتی ہے: جلیل عباس
واشنگٹن (صباح نیوز+ آن لائن) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے، تمام چیلنجز کے باوجود امریکہ اور پاکستان کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جلیل عباس کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں موجود غلط فہمیاں دور ہو چکی ہیں۔ تمام چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ اوبامہ انتظامیہ کے ساتھ ورکنگ گروپس کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔ جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا نئی امریکی انتظامیہ کی طرف سے بہتر تعلقات کے سگنل آ رہے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی دور کرنے اور کشمیر کا مسئلہ حل کرانے کے حوالے سے نائب صدر پنس کا بیان خوش آئند ہے۔