بلاول کے گاڑی سے باہر نکل کر خطاب پر بہنیں پریشان، آصفہ کا علی قاسم گیلانی کو فون ندیم افضل چن نے امام ضامن باندھا
بھلوال+ کراچی (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو احتجاجی ریلی میں شرکت سے قبل دائیں بازو پر امام ضامن باندھا گیا۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے بلاول بھٹو زرداری کے بازو پر خود امام ضامن باندھا۔ دوسری جانب ریلی کے دوران بلاول بھٹو کے گاڑی سے باہر آکر خطاب کرنے پر ان کی بہنیں پریشان ہیں۔ بلاول یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم کے ساتھ ریلی میں فیصل آباد کی جانب رواں تھے، اس دوران آصفہ بھٹو نے علی قاسم کو فون کر کے کہا کہ بھائی سیاسی تحریک کیلئے سڑک پر نکلے ہیں، علی آپ انہیں گاڑی کے اندر رکھیں، میں آپ کی شکر گزار رہوں گی۔ انہوں نے بلاول کے ساتھ سفر کرنے والوں کو بلاول کو سختی سے گاڑی کے اندر رکھنے کا مشورہ دیا۔ بختاور بھٹو نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول کو گاڑی کے سن روف سے باہر کیوں آنے دیا جا رہا ہے۔