• news

سی پیک کی سکیورٹی:پنجاب خیبر پی کے اور سندھ کے وفاق سے شدید اختلافات سامنے آ گئے

اسلام آباد(آن لائن)پاک چین اقتصادی راہداری روٹ کی سکیورٹی کے لیے اخراجات صوبائی حکومتوں پر ڈالنے کے سلسلے میں پنجاب سمیت تین صوبائی حکومتوں کے وفاق سے اختلافات سامنے آ گئے۔ ذرائع نے بتایا سی پیک روٹ کی سکیورٹی کے لیے اخراجات صوبائی حکومتوں پر ڈالنے کے سلسلے میں پنجاب،خیبر پی کے اور سندھ نے وفاق سے شدید اختلاف کیا ہے۔صوبائی حکومتیں سکیورٹی کے اخراجات برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ ، پنجاب اور خیبر پی کے کی صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بلوچستان حکومت سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ اس سلسلے میں ایک موقف اپنا کر وفاق کے سامنے رکھا جائے۔ذرائع نے بتایا کہ خیبر پی کے کے وزیر خزانہ مظفر سید نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گزشتہ روز ملاقات کی اور سی پیک کی سکیورٹی کیلئے صوبوں کے این ایف سی ایوارڈ سے کٹوتی کیلئے وفاق کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے خیبر پی کے کے موقف کی تائید کی اور کہاوفاق کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا تینوں حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے اور سی پیک سکیورٹی کیلئے رقم این ایف سی ایوارڈ سے کٹوتی کے وفاقی حکومت کے فیصلے پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا اس فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا تاہم وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاق سی پیک سکیورٹی کیلئے فیصلے پر نظر ثانی کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن